ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بابا بڈھن گری غار میں داخلے پر ضلع انتظامیہ کی پابندی۔ عقیدتمندوں نے عرس نہیں منایا

بابا بڈھن گری غار میں داخلے پر ضلع انتظامیہ کی پابندی۔ عقیدتمندوں نے عرس نہیں منایا

Sat, 03 Mar 2018 20:05:52    S.O. News Service

چکمگلورو 3مارچ ( ایس او نیوز) مسلمانوں اور ہندتووادی تنظیموں کے بیچ بابابڈھن گری درگاہ کا جو متنازعہ مسئلہ ہے اس پس منظر میں ضلع انتظامیہ کی طرف سے عرس کے موقع پرغار میں داخل ہونے اور قبر پر حاضری دینے پر پابندی لگادی گئی تھی جس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے عقیدتمند وہاں تین روز تک چلنے والا عرس منائے بغیر واپس لوٹنے کی خبر موصول ہوئی ہے۔

ہرسال کی طرح عدالت کے حکم کے مطابق ایک طرف ضلع انتظامیہ نے 2 سے4مارچ کو متنازعہ مقام پر مسلمانوں کو عرس منانے کے لئے انتظامات کیے تھے۔دوسری شہر کی دادا حیات پیر کمیٹی کے اراکین نے ضلع انتظامیہ کے سامنے مطالبہ رکھاتھا کہ اس مرتبہ بابابڈھن گری کے شاہ قادری سید غوث محی الدین شاہ کی قیادت میں عرس منایا جانا چاہیے اور انہیں غار کے اندر جانے اور قبر پر صندل لگانے کے ساتھ اس پر سبز چادر چڑھانے کا موقع دیا جانا چاہیے۔ لیکن ضلع انتظامیہ نے اس طرح کا کوئی موقع نہیں دیا تو عقیدتمندوں نے بائیکاٹ کرتے ہوئے عرس منانے سے انکار کردیا۔کچھ دیر کے لئے شاہ قادری اور دیگر عقید تم مندوں نے غار کے سامنے احتجاجی دھرنا دیااور پھر واپس لوٹ آئے۔اس کے بعد ڈپٹی کمشنر ایم کے شری رنگیا اور دیگر افسران نے درگاہ مجاورکی وساطت سے عرس کی رسم انجام دی۔

ضلع انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے وہاں پر status quoیعنی موجودہ صورتحال بحال رکھنے کا حکم دے رکھا ہے اس لئے وہاں پرصرف مجاور کو ہی غار میں داخل ہونے اورعرس کی رسم انجام دینے کی اجازت دی جاتی ہے۔اس سے ہٹ کر کسی اور طریقے سے عرس منانے کا موقع نہیں دیا جاسکتا۔حالات کو قابو میں رکھنے کے لئے پولیس کا سخت بندوبست کیا گیا تھا۔
 


Share: